لاہور (کرائم رپورٹر) سول لائنز ڈویڑن پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ لٹن روڈ پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک منشیات فروش اور ایک غیر قانونی اسلحہ رکھنے والا شامل ہے۔ لٹن روڈ پولیس نے ملزم نوید کو ایل او ایس روڈ سے گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 360 گرام آئس برآمد ہوئی۔ اسی طرح پولیس نے ملزم عثمان انور کو چوبرجی پارک کے قریب کارروائی کے دوران غیر قانونی پستول اور گولیاں سمیت حراست میں لیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرکے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی سول لائنز نے کہا کہ منشیات فروشی اور ناجائز اسلحہ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔