مکہ مکرمہ کی جانب داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل سعودی دفاعی نظام نے تباہ کردیے، ملبہ دو مقامات پر گر گیا

مکہ مکرمہ کی جانب داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل سعودی دفاعی نظام نے تباہ کردیے، ملبہ دو مقامات پر گر گیا

ریاض: سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کے علاقے کی جانب آنے والے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی روک کر تباہ کردیا، تاہم میزائلوں کا ملبہ دو مختلف مقامات پر جا گرا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی سول ڈیفنس نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے میزائلوں کو کامیابی سے تباہ کیے جانے کے بعد ان کا ملبہ مکہ مکرمہ کے نواحی علاقوں میں گرا۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے صورتحال کا جائزہ لیا۔سعودی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق میزائلوں کا ملبہ جن دو مقامات پر گرا، ان میں پہلا مقام صبوحہ گاؤں ہے، جو مسجد الحرام سے تقریباً 35 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے، جبکہ دوسرا مقام وادی المغمس ہے، جو مسجد الحرام سے تقریباً 21 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔سعودی سول ڈیفنس کے مطابق دونوں بیلسٹک میزائل مکہ مکرمہ کے علاقے کی جانب داغے گئے تھے، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضائی دفاعی نظام نے انہیں فضا میں ہی تباہ کردیا۔ حکام کے مطابق میزائلوں کا ملبہ دو مقامات پر گرا۔

دوسری جانب سعودی حکام نے جمعرات کی علی الصبح جاری بیان میں اس حملے کا الزام حوثی ملیشیا پر عائد کیا ہے۔ سعودی سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ شہری آبادیوں اور مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس سے خطے کی سلامتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔سعودی حکام نے حوثی ملیشیا کے اس مبینہ اقدام کو خطرناک جارحانہ رویہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری مقامات کو نشانہ بنانے کی کوششیں قابل مذمت ہیں۔تاحال سعودی عرب کی جانب سے عائد کیے گئے الزام پر حوثی ملیشیا کا باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ واقعے کی آزادانہ تصدیق بھی نہیں ہوسکی۔