پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے انٹرنیٹ کی بین الاقوامی زیرِ سمندر کیبل میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی دور ہونے اور کیبل کی مکمل بحالی کی تصدیق کر دی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معمول کے مطابق بحال ہو گئی ہیں۔پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ زیرِ سمندر کیبل اب مکمل طور پر فعال ہے اور بین الاقوامی ڈیٹا ٹریفک کی ترسیل معمول کے مطابق جاری ہے۔ کیبل میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ صارفین کو سروسز کی رفتار اور رابطوں کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔حکام کے مطابق کیبل کی بحالی ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے) اور بین الاقوامی ایس ایم ڈبلیو 5 کنسورشیم کے درمیان فوری رابطوں اور مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔خرابی دور کرنے کے لیے تکنیکی ٹیموں نے مسلسل 24 گھنٹے کام کیا اور متاثرہ کیبل کے نظام کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے۔ اس دوران متبادل بین الاقوامی لنکس کے ذریعے ڈیٹا ٹریفک منتقل کی جاتی رہی، جس سے انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر معطل ہونے سے محفوظ رہیں۔پی ٹی اے کے مطابق متبادل رابطوں کی سہولت نے خرابی کے دوران صارفین کو انٹرنیٹ تک رسائی برقرار رکھنے میں مدد فراہم کی، جبکہ تکنیکی ٹیموں کی کوششوں سے اب بنیادی کیبل بھی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔