ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف آسٹریلوی ریسلر برونسن ریڈ 38 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
ان کا اصل نام جرمین ہیلی تھا۔ ڈبلیو ڈبلیو ای نے 27 نومبر 2026 کو ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ طبی پیچیدگیوں کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے جاری بیان میں برونسن ریڈ کو ایک غیر معمولی شخصیت، بہترین انسان، خاندان سے محبت کرنے والا اور ساتھیوں کا محبوب ریسلر قرار دیا گیا۔ کمپنی نے ان کے اہل خانہ، دوستوں، ساتھیوں اور مداحوں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ رپورٹس کے مطابق برونسن ریڈ 7 نومبر کو سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقدہ کراؤن جیول ایونٹ کے دوران شدید زخمی ہوگئے تھے۔ مقابلے کے دوران ریسلر اوبا فیمی نے انہیں اسٹیج سے نیچے میزوں کے ڈھیر پر پھینک دیا تھا، جس کے نتیجے میں ان کی متعدد پسلیاں ٹوٹنے اور گردے کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
زخموں کی سنگینی کے باعث برونسن ریڈ کو سعودی عرب کے اسپتال میں زیرِ علاج رکھا گیا، جہاں ان کی سرجری بھی ہوئی۔ بعد ازاں 18 نومبر کو ان کی امریکا واپسی اور صحت یابی کے عمل جاری رہنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ تاہم ڈبلیو ڈبلیو ای نے ان کے انتقال کی وجہ صرف طبی پیچیدگیاں بتائی ہیں اور اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔ کمپنی نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ ان کی موت کا کراؤن جیول ایونٹ میں لگنے والی چوٹوں سے کوئی براہِ راست تعلق تھا یا نہیں۔