کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کی ایڈمن سوسائٹی میں چھ منزلہ عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے میں ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور سے تعلق رکھنے والے تین مزدوروں کی لاشیں مل گئی ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں محمد وقاص، حسن اور علی شیر شامل ہیں، جن کا تعلق ایک ہی علاقے سے بتایا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق 25 نومبر کو کراچی کے علاقے بلوچ کالونی، ایڈمن سوسائٹی میں چھ منزلہ عمارت گرنے کے بعد ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے مزید لاشیں نکالی گئیں، جن میں علی پور کے تین نوجوان مزدور بھی شامل ہیں۔اطلاعات کے مطابق تینوں جاں بحق نوجوانوں کا تعلق ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے موضع مکھن بیلا کی بستی جام سے تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ان کے آبائی علاقے میں غم کی فضا چھا گئی اور اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔
مقامی اطلاعات کے مطابق محمد وقاص اور علی شیر کی نماز جنازہ آج صبح 11 بجے بستی جام میں ادا کی جائے گی، جبکہ تیسرے جاں بحق مزدور حسن کی میت آج شام تک آبائی علاقے پہنچنے کا امکان ہے۔دوسری جانب عمارت گرنے کے واقعے کے بعد امدادی اداروں کا سرچ آپریشن جاری رہا۔ مختلف رپورٹس کے مطابق ملبے سے نکالی جانے والی لاشوں کی مجموعی تعداد 6 سے 7 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ حادثے میں متعدد افراد زخمی اور کچھ لاپتہ بھی بتائے جا رہے ہیں۔