اسلام آباد: قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے اندر ایک سوچ پائی جاتی ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، کسی نہ کسی طریقے سے سمجھوتہ کرکے عمران خان کو جیل سے باہر نکالا جائے، تاہم وہ اس سوچ کے مخالف ہیں۔
گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ان کے اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان مذاکرات کا معاملہ الیکشن کمیشن اور نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی تک محدود تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض لوگ اپنی بات منوانے کا ہنر جانتے ہیں اور جب وہ کچھ کرنا چاہیں تو اپنا مؤقف منوا لیتے ہیں، جبکہ وہ بار بار خبردار کرتے رہے ہیں کہ عوام ناراض ہو سکتے ہیں۔انہوں نے لندن میں ہونے والی سیاسی جماعتوں کی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں تمام پاکستانی جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ ملک کو کس طریقے سے چلایا جانا چاہیے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھی جلسے کی اجازت مانگ رہے تھے، لیکن انہیں جلسے کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ ان کے مطابق جب لوگ باہر نکلیں گے تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ کیسی حکومت ہے جہاں وزرا ایک دوسرے کو دھمکیاں دیتے ہیں اور خود حکومتی وزرا یہ کہتے ہیں کہ نظام کولیپس ہو چکا ہے۔
قائدِ حزبِ اختلاف نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر بلاول بھٹو کا مؤقف درست دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے مجوزہ ریفرنڈم پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ کیسا ریفرنڈم ہے اور کس بات کا ریفرنڈم، جو کبھی ہوا ہی نہیں۔محمود خان اچکزئی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے ان کا رابطہ براہِ راست نہیں بلکہ دوستوں، مولانا فضل الرحمان اور علامہ ناصر عباس کے ذریعے تھا۔ ان کے مطابق ان تمام افراد کا مؤقف تھا کہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ ان سے مشاورت اور منظوری حاصل کی جا سکے، تاہم ملاقات کی اجازت نہیں مل سکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے خود انہیں بتایا تھا کہ فریقین کے درمیان فیصلہ ہو چکا ہے اور اس حوالے سے مسودہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ اس مجوزہ سمجھوتے کے تحت سہیل آفریدی ہفتے کے روز معاملہ ختم کر دیں گے اور پیر کو عمران خان سے ملاقات ہو جائے گی۔