افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ میں اسکول کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 7 طلبہ جاں بحق جبکہ 97 افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں طلبہ بھی شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکا صوبہ کنڑ میں ایک اسکول کے قریب ہوا۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکا کان کنی کرنے والی کمپنیوں کے ایک ڈپو میں ذخیرہ کیے گئے بارودی مواد میں ہوا۔واقعے کے فوراً بعد پولیس، امدادی کارکنوں اور تحقیقاتی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کردیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دھماکے کی نوعیت اور اسباب جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کنڑ کے اسپتال کے سربراہ مولاداد نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی تعداد ابتدائی معلومات پر مبنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزید تفصیلات سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد میں ردوبدل ہوسکتا ہے۔