لاہور: چوتھی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کا دوسرا روز بھی ثقافتی سرگرمیوں، ڈھول کی تھاپ اور فکری نشستوں کے نام رہا۔
کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے شرکت کرتے ہوئے پنجابی زبان کے فروغ کے لیے سرکاری سطح پر ’’سانجھ‘‘ کے نام سے پنجابی نیوز چینل شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کانفرنس کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجابی زبان اور ثقافت کے فروغ کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ’’سانجھ‘‘ کے نام سے نئے چینل کا آغاز اسی سلسلے کی ایک اہم کوشش ہے۔عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان پر بھی پنجابی زبان میں پروگرام نشر کیے جائیں گے تاکہ پنجابی ادب، ثقافت، تاریخ اور فنون کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے ننکانہ صاحب کی دھرتی سے اپنے تعلق پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب کے اصل ہیروز کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔وفاقی وزیر نے پنجابی زبان کو نصاب کا حصہ بنانے کے حوالے سے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سکھ برادری کے ویزا مسائل حل کرنے میں مدد فراہم کرنے کی بات کی اور اگلے سال انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔
انہوں نے منتظمین سے اس حوالے سے چارٹر آف ڈیمانڈ بھی طلب کیا۔کانفرنس میں پاکستان کے علاوہ امریکا، کینیڈا اور آسٹریلیا سے آئے ہوئے مندوبین، ادیبوں، دانشوروں اور پنجابی زبان و ادب سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ مختلف نشستوں میں پنجابی زبان کے فروغ، کسانوں کو درپیش مسائل، پنجابی ادب کے مستقبل اور ڈیجیٹل دور میں نوجوان نسل کو اپنی مادری زبان سے جوڑنے کے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مادری زبان کی ترویج کے لیے تعلیمی اداروں، میڈیا اور حکومتی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پنجابی زبان کو نئی نسل تک پہنچانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔