غزہ: اسرائیلی ڈرون حملے میں 3 فلسطینی جاں بحق، 5 زخمی ہوگئے جبکہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے دوران 16 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی ڈرون نے جنوبی غزہ کے علاقے المواصی میں خان یونس کے مغرب میں حملہ کیا، جس کے نتیجے میں تین فلسطینی جان کی بازی ہار گئے جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔حملے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں صورت حال کشیدہ ہوگئی۔دوسری جانب مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے مختلف شہروں اور علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے 16 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق قلقیلیہ میں گھروں پر چھاپوں کے دوران 9 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا جبکہ نابلس اور اس کے نواحی گاؤں سالم سے مزید 7 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار کیے جانے والوں میں سابق قیدی بھی شامل ہیں۔اسرائیلی فوج نے کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں میں سڑکیں بند کردیں جبکہ شہریوں کی نقل و حرکت پر بھی پابندیاں عائد کی گئیں۔