وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں موجود پہلے پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سے براہِ راست گفتگو کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے محمد ذیشان علی کو پاکستان کے تاریخی خلائی مشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذیشان علی کی کامیابی پوری قوم کے لیے اعزاز ہے اور ان کے اہلِ خانہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔وزیراعظم نے خلا باز کی تربیت اور تیاری میں معاونت کرنے والے ماہرین اور ساتھیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ مشن میں شریک چینی خلا بازوں کو بھی مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ محنت، مسلسل کوششوں، مقصد سے وابستگی اور غیر متزلزل عزم نے ذیشان علی کو اس تاریخی مقام تک پہنچایا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ایسے نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں۔ ذیشان علی کی کامیابی نے خلائی تحقیق کے نئے امکانات کے دروازے کھول دیے ہیں اور ان کا پیغام پاکستان کے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے نئی تحریک پیدا کرے گی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی خلا باز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور مسلح افواج کو ان کی کامیابی پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سپوت کا خلا میں پہنچنا ایک عظیم کامیابی ہے، جبکہ خلائی اسٹیشن پر پاکستان کی موجودگی پاک چین آزمودہ اسٹریٹجک شراکت داری کا قابلِ فخر ثبوت ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اب کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے۔ ان کے مطابق ذیشان علی کی کامیابی علامہ اقبال کے نوجوانوں سے متعلق وژن کی عملی تعبیر اور پاکستان کے نوجوانوں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔چین کے خلائی اسٹیشن سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ذیشان علی نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ وہ زمین سے تقریباً 400 کلومیٹر بلندی پر 7.9 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ خلائی اسٹیشن پر طے شدہ منصوبے کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے اور سائنسی تحقیق میں حصہ لینے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے حوصلہ افزا کلمات اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ چینی ساتھیوں کے ساتھ مل کر تحقیقی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خلائی تحقیق اور دیگر متعلقہ شعبوں میں پیش رفت کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ پاکستان خلا کو پُرامن مقاصد اور انسانیت کی بھلائی کے لیے استعمال کرنے پر یقین رکھتا ہے، جبکہ خلائی اسٹیشن پر ہونے والے تجربات پوری عالمی برادری کے سائنسی علم میں اضافے کا ذریعہ بنیں گے۔