امریکا میں طوفان اور سیلاب کی تباہ کاریاں، 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم، 3500 پروازیں متاثر

امریکا میں طوفان اور سیلاب کی تباہ کاریاں، 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم، 3500 پروازیں متاثر

امریکا میں تھینکس گیونگ ڈے کے موقع پر شدید طوفان اور سیلابی صورتحال نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا۔

 امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خراب موسم، تیز ہواؤں اور شدید بارشوں کے باعث نیویارک اور نیو جرسی میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق طوفان کے باعث فضائی ٹریفک بھی بری طرح متاثر ہوئی۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر تقریباً 3 ہزار 500 پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں 500 پروازیں منسوخ جبکہ 3 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔ تھینکس گیونگ کے موقع پر بڑی تعداد میں شہریوں کی اندرون اور بیرون ملک سفر کی منصوبہ بندی بھی متاثر ہوئی۔شدید بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، جبکہ تیز رفتار ہواؤں نے بھی شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا۔ متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ کر بجلی کی تاروں اور کھمبوں پر جا گرے، جس کے نتیجے میں تقریباً 10 لاکھ بجلی صارفین بجلی کی سہولت سے محروم ہو گئے۔

حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی اور دیگر امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور سیلاب زدہ سڑکوں پر سفر کرنے سے گریز کریں۔دوسری جانب ایئرپورٹس پر پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال معلوم کر لیں۔