ڈی جی آئی ایس پی آر کا دورہ مہران یونیورسٹی ، طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست

ڈی جی آئی ایس پی آر کا دورہ مہران یونیورسٹی ، طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے سندھ کی تین جامعات مہران یونیورسٹی، لیاقت یونیورسٹی اور شہید اللہ بخش یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی۔

 اس موقع پر قومی یکجہتی، ملکی سلامتی، قومی شعور کے فروغ اور دشمن کے پروپیگنڈے کے خلاف آگاہی سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔خصوصی نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ اور اساتذہ سے براہِ راست گفتگو کی اور ان کے مختلف سوالات کے مفصل اور مدلل جوابات دیے۔ اس موقع پر سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے، اس کے اثرات اور اس حوالے سے نوجوان نسل میں شعور پیدا کرنے کی اہمیت پر بھی بات چیت ہوئی۔نشست میں ملکی دفاع اور قومی سلامتی کے حوالے سے پاک فوج کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ کو قومی معاملات میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے اور سوشل میڈیا پر موجود معلومات کو سمجھنے اور ان کی تصدیق کرنے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر نشست میں شریک طلبہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ خصوصی ملاقات ان کے لیے اہم تجربہ ثابت ہوئی، جس کے ذریعے انہیں سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کو سمجھنے، قومی شعور اجاگر کرنے اور ملکی دفاع میں پاک فوج کے کردار کے بارے میں مزید آگاہی حاصل ہوئی۔شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل قومی یکجہتی، ملکی استحکام اور پاکستان کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کے دفاع، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔