وزیراعلیٰ پنجاب کا سرکاری دورہ: مریم نواز ہانگ کانگ روانہ

وزیراعلیٰ پنجاب کا سرکاری دورہ: مریم نواز ہانگ کانگ روانہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سرکاری دورے پر ہانگ کانگ روانہ ہو گئی ہیں، جہاں وہ 30 نومبر کو منعقد ہونے والے نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے سالانہ فیسٹیول اور سمٹ میں شرکت کریں گی۔

 انہیں یہ دعوت پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ، فضائی آلودگی پر قابو پانے اور جنگلات و جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کے اعتراف میں دی گئی ہے۔نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے چیئرمین پیٹر نوبیل نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو باضابطہ طور پر فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی۔ ٹرسٹ نے پنجاب حکومت کی جانب سے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور ڈیٹا پر مبنی نظام متعارف کرانے کے اقدامات کو سراہا ہے۔ٹرسٹ کے مطابق پنجاب میں فضائی معیار کی نگرانی، اسموگ کے اسباب کی نشاندہی اور آلودگی پر قابو پانے کے لیے جدید نظام استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے بھی ڈیجیٹل نگرانی اور جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی جا رہی ہے۔ماحولیاتی اقدامات میں گرین بسوں کا آغاز، ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون بجٹ کا ایک فیصد ماحولیاتی تحفظ کے لیے مختص کرنا اور سرکاری سطح پر پیٹرول و ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی بھی شامل ہے۔ ٹرسٹ نے ان اقدامات کو ماحول دوست طرزِ حکمرانی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

 نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ نے پنجاب میں جنگلات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا ہے۔ ٹرسٹ کے مطابق جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں 70 فیصد سے زائد کمی اور آگ کے ممکنہ واقعات سے قبل خبردار کرنے والے جدید نظام کا قیام قابلِ ذکر اقدامات ہیں۔ اس کے علاوہ فارسٹ فورس، وائلڈ لائف فورس، پاکستان کے پہلے وائلڈ لائف اسپتال اور جانوروں کے لیے موبائل اسپتالوں کے قیام کو بھی سراہا گیا ہے۔ 30 نومبر کو ہانگ کانگ میں ہونے والے اس عالمی اجتماع میں مختلف ممالک کے حکومتی نمائندے، سائنس دان، ماحولیاتی ماہرین، کاروباری شخصیات اور پالیسی ساز شرکت کریں گے۔ فیسٹیول میں موسمیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی، فضائی آلودگی میں کمی، جنگلات کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔