پاکستان میں صحت کا نہیں، بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے، مصطفیٰ کمال

پاکستان میں صحت کا نہیں، بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے، مصطفیٰ کمال

کراچی: وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں حقیقی معنوں میں صحت کا نظام موجود نہیں بلکہ یہاں بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے۔

 حکومت اور طبی اداروں کی ترجیح صرف اسپتال تعمیر کرنا نہیں بلکہ لوگوں کو بیماریوں سے بچانا ہونی چاہیے۔بقائی انسٹیٹیوٹ آف ڈائیابیٹولوجی اینڈ اینڈوکرائنولوجی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ اسپتالوں میں عمارتیں، ڈاکٹرز، طبی عملہ اور جدید مشینری فراہم کرنا ہیلتھ کیئر کی مکمل تعریف نہیں۔ بیماریوں کا علاج فراہم کرنا دراصل سک کیئر ہے، جبکہ حقیقی صحت کی سہولیات کا مقصد لوگوں کو بیمار ہونے سے بچانا ہے۔مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ لاکھوں روپے فیس لینے والے نجی اسپتال بھی مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں اور مہنگا علاج کروانے کی استطاعت رکھنے والے افراد کو بھی بیڈ نہیں مل رہے۔ انہیں سفارش کے ذریعے مریضوں کے لیے اسپتالوں میں جگہ حاصل کرنے کی درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔ ان کا سوال تھا کہ محدود معاشی وسائل کے ساتھ آخر کتنے اسپتال تعمیر کیے جائیں گے اور کتنے ڈاکٹرز و طبی عملے کی تیاری ممکن ہوگی؟وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران امریکا، برطانیہ، یورپ، چین، بھارت اور ترکی جیسے ممالک کے صحت کے نظام بھی شدید دباؤ کا شکار ہوگئے تھے۔ پاکستان میں اس وقت وبا نہیں، لیکن مختلف بیماریوں کے باعث اسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے۔ اگر بیماریوں سے بچاؤ پر توجہ نہ دی گئی تو ملک کا صحت کا نظام بھی شدید بحران سے دوچار ہوسکتا ہے۔

انہوں نے بڑھتی ہوئی آبادی کو بھی صحت کے شعبے کے لیے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آبادی 36 کروڑ تک پہنچ چکی ہے، سالانہ اضافے کی شرح ڈھائی فیصد جبکہ شرح پیدائش 3.6 فیصد ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں ہر سال تقریباً 70 لاکھ بچے پیدا ہوتے ہیں۔ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر صرف اسپتالوں کی تعداد بڑھانے سے طبی ضروریات پوری نہیں کی جاسکتیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صحت کا شعبہ محض انتظامی معاملہ نہیں بلکہ قومی سلامتی اور معیشت سے براہِ راست جڑا ہوا ہے۔ سیاستدانوں کی ترجیح صرف نئی عمارتوں کا افتتاح اور تختیاں لگوانا نہیں ہونی چاہیے بلکہ موجودہ اسپتالوں میں سہولیات بہتر بنانے اور مریضوں کا رش کم کرنے پر توجہ دینا ضروری ہے۔وفاقی وزیر صحت نے ماؤں اور بچوں کی اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 11 ہزار خواتین دورانِ حمل اور زچگی زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں، جبکہ چار لاکھ بچے بھی سالانہ جاں بحق ہوجاتے ہیں۔ ان کے مطابق روزانہ تقریباً 1300 بچوں کی اموات ہوتی ہیں، جن میں سے بہت سی اموات کو بروقت اقدامات سے روکا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماؤں میں غذائی قلت کے باعث کمزور بچوں کی پیدائش اور اموات میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ غذائی کمی بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ پاکستان میں 43 فیصد بچے نشوونما میں کمی کا شکار ہیں، جو ملک کے مستقبل اور معیشت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ غیر صحت مند طرزِ زندگی بھی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کی اہم وجہ ہے۔ رات دیر سے کھانا کھانا اور صبح دیر تک سونا صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ لوگوں کو اپنے کھانے پینے، سونے جاگنے اور روزمرہ معمولات میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کو علاج کے لیے اسپتال آنے کا انتظار کرنے کے بجائے پہلے ہی صحت مند زندگی گزارنے کے اصولوں سے آگاہ کیا جائے۔وفاقی وزیر نے طبی ماہرین پر زور دیا کہ وہ اپنے اداروں میں صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق رہنما اصول مرتب کریں اور صحت سے متعلق آگاہی کو ابتدائی تعلیم کے نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم کو پرائمری سطح پر بچوں کو صحت مند زندگی گزارنے کی تعلیم دینے کے لیے اقدامات کرنے چاہییں۔

ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے مرض پر بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ابھی ملک بھر میں تمام افراد کی اسکریننگ نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس اور ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کے لیے وزیراعظم کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں لوگوں کی جانچ کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ مکمل اسکریننگ کے بعد ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 10 کروڑ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔ ذیابیطس کے باعث گردے، آنکھیں اور جسم کے دیگر اعضا متاثر ہوتے ہیں، اس لیے بروقت تشخیص اور احتیاط انتہائی ضروری ہے۔