غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اور نائب وزیر تعلیم خالد ابو ندا سمیت کم از کم 10 فلسطینی شہید ہوگئے، جس کے بعد حماس نے اسرائیلی کارروائیوں کا جواب دینے کے لیے دیگر فلسطینی تنظیموں سے مشاورت کا اعلان کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے مسلسل تیسری رات فضائی حملے کیے گئے، جن میں رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں خالد ابو ندا شہید ہوگئے۔ وہ حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اور تنظیم کی جانب سے مقرر کردہ نائب وزیر تعلیم تھے۔حماس کے سربراہ خلیل الحیہ نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا کہ ان کی تنظیم اسرائیلی حملوں اور مسلسل خلاف ورزیوں کو مزید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس دیگر فلسطینی دھڑوں سے مشاورت کرے گی تاکہ اسرائیلی کارروائیوں اور روزانہ ہونے والی ہلاکتوں کا جواب دینے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ان حملوں کو حماس کے ارکان اور اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف حالیہ کارروائیوں کا حصہ قرار دیا۔ ان کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران حماس کے تقریباً 80 جنگجوؤں کو ہلاک کیا ہے۔خالد ابو ندا منگل کے بعد اسرائیلی حملوں میں مارے جانے والے تیسرے سینئر حماس عہدیدار ہیں۔ اس سے قبل تنظیم کے دو اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار بھی اسرائیلی کارروائیوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ خالد ابو ندا حماس کے مالیاتی امور کی نگرانی کرتے تھے اور تنظیم کے بینکاری و سرمایہ کاری کے نیٹ ورک کو چلاتے تھے۔ فوج کے مطابق وہ حماس کی عسکری سرگرمیوں اور اس کی قوت میں اضافے کے لیے مالی وسائل فراہم کرنے میں بھی کردار ادا کر رہے تھے۔حماس نے خالد ابو ندا کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ تنظیم کے سیاسی دفتر کے رکن تھے۔ حماس نے تعلیمی اور شہری شخصیات کو نشانہ بنانے کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اسرائیلی حملے جنگ بندی معاہدے اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔تنظیم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کو بھی ان حملوں کا سیاسی اور اخلاقی طور پر ذمہ دار قرار دیا۔ حماس کا الزام ہے کہ بورڈ کی خاموشی نے اسرائیل کو مزید کارروائیاں کرنے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
ادھر غزہ شہر کے طفح محلے، ساحلی پٹی کے ایک پناہ گزین کیمپ اور شیخ رضوان کے علاقے میں بھی اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں مزید سات فلسطینی شہید ہوگئے۔ طبی ذرائع کے مطابق یہ حملے رات گئے اور جمعرات کے روز کیے گئے۔