سعودی دارالحکومت پر پھر میزائل حملہ، فضائی دفاع نے دو بیلسٹک میزائل مار گرائے

سعودی دارالحکومت پر پھر میزائل حملہ، فضائی دفاع نے دو بیلسٹک میزائل مار گرائے

ریاض: سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے دارالحکومت ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ ملک کے مغربی حصے میں ایک کروز میزائل اور جدہ کی بندرگاہ کے قریب ایک ڈرون بھی مار گرایا گیا۔

 حکام کے مطابق ان واقعات میں کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔یہ پیش رفت سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سامنے آئی ہے۔ حوثی باغیوں کی جانب سے ریاض پر حملوں کے دعوے کے ایک روز بعد سعودی فضائی دفاعی نظام کو مزید میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔سعودی دارالحکومت ریاض میں جمعرات کی نصف شب کے قریب زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے بعد حکام کی جانب سے فضائی خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا گیا۔ تاہم صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کچھ ہی دیر میں الرٹ واپس لے لیا گیا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے صحافیوں اور مقامی رہائشیوں کے مطابق ریاض کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ایک مقامی شہری نے بتایا کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ان کے گھر کی کھڑکیاں زور سے لرزنے لگیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

حوثی باغیوں کے خلاف لڑنے والے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے حملوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت ریاض کی جانب آنے والے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔ترکی المالکی کے مطابق سعودی عرب کے مغربی حصے میں آنے والے ایک کروز میزائل کو بھی کامیابی سے روک لیا گیا، جبکہ جدہ کی بندرگاہ کے قریب ایک ڈرون کو مار گرایا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تباہ کیے گئے ڈرون کا ملبہ گرنے کے باوجود کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔سعودی حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے بروقت کارروائی کی اور اہم شہروں کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنائی گئی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان کشیدگی ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کر رہی ہے۔ ماضی میں بھی حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے اہم شہروں، تیل کی تنصیبات اور دیگر حساس مقامات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں۔