راجن پور کچہ میں ٹارگٹڈ آپریشن، چار مغوی بازیاب

 پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ، آئی جی پنجاب کا ٹیم کو شاباش
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس راجن پور نے کچہ سرکل روجھان میں مغوی افراد کی بازیابی کے لیے کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ پولیس ٹیم نے ڈاکوؤں سے مقابلے کے بعد چار مغوی شہریوں کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈاکو مغوی افراد کو ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل کر رہے تھے کہ پولیس نے ان کا تعاقب کرتے ہوئے گھیراؤ کیا۔ اس دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، تاہم گنے کی فصل میں چھپے ڈاکو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ مفرور ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔ انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے راجن پور پولیس کی بروقت کارروائی اور مغویوں کی بحفاظت بازیابی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے آپریشنز بلا تعطل جاری رکھے جائیں۔