عمرانی گینگ کے خلاف کارروائی، پولیس نے 7 سہولت کار گرفتار کرلیے
لاہور ( کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس راجن پور نے کچے کے علاقے میں کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے 6 مغوی شہریوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق عمرانی گینگ کے ڈاکوؤں نے گزشتہ اتوار کی شب روجھان سے 6 شہریوں کو اغوا کیا تھا اور انہیں کچے کے علاقے کی طرف لے گئے تھے۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی علاقے کو گھیرے میں لے کر بھرپور آپریشن شروع کیا۔ اس دوران ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد ڈاکو فرار ہوگئے۔ آپریشن کے دوران پولیس نے 7 سہولت کار گرفتار کر لیے اور ڈاکوؤں کے کئی ٹھکانوں کو نذرِ آتش کر دیا جبکہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے راجن پور پولیس کو مغویوں کی بحفاظت بازیابی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پنجاب پولیس ہر لمحہ سرگرم عمل ہے۔