ڈاکوؤں کا تعاقب، گھیرے میں لیا, دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا
ڈاکو گنے کی فصل میں پناہ لیے ہوئے تھے،گھنی فصل کے باعث فرار ہو گئے: ڈی پی او
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس راجن پور نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 مغوی شہریوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ راجن پور پولیس کا کچہ سرکل بنگلہ اچھا کے علاقے میں ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس کا آمنا سامنا ہوا۔ڈاکو 5 مقامی شہریوں کو اغوا کرکے اپنی کمین گاہ کی طرف لیکر جا رہے تھے کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا، انہیں گھیرے میں لیا اور مقابلہ کیا۔ دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ڈی پی او راجن پور نے بتایا کہ ڈاکو گنے کی فصل میں پناہ لیے ہوئے تھے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ڈاکوؤں کے 7 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا۔ تاہم گنے کی گھنی فصل کے باعث ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش اور تعاقب جاری ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغویوں شہریوں کی بحفاظت بازیابی پرکارروائی میں حصہ لینے والے تمام افسران و جوانوں کو شاباش دی۔