وزیر اعلیٰ اور کسی رہنما کو عمران خان سے پھر ملاقات کی اجازت نہ ملی

 ناکے پر انتظار کرتے رہے ،این ایف سی ایوارڈ کے لئے میٹنگ پر نہیں بلوایا گیا
کسی سے بھیک نہیں چاہیے، حق ڈنکے کی چوٹ پر لوں گا، سہیل آفریدی 
راولپنڈی،پشاور ( خصوصی رپورٹ )بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی و دیگر پارٹی رہنما داہگل ناکہ پر اجازت ملنے کا انتظار کرتے رہے۔ تحریک انصاف کے کسی بھی رہنما کو عمران خان سے ملاقات کی پھر اجازت نہ ملی، پارٹی رہنما ملاقات کا وقت ختم ہونے پر واپس روانہ ہو گئے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا ہے صوبے کا حق ڈنکے کی چوٹ پر لوں گا لیکن کسی سے بھیک نہیں چاہیے جب کہ پاکستان میں جو پالیسی غلط ہو گی میں اس کے خلاف ہوں۔صحافی نے سوال کیا این ایف سی ایوارڈ میں بھی بلوایا گیا لیکن آپ نہیں گئے؟ سہیل آفریدی نے جواب دیا کہ مجھے کسی نے نہیں بلایا۔ این ایف سی ایوارڈ کے لئے میٹنگ پر نہیں بلوایا گیا، مجھ سے پہلے والے سی ایم بھی این ایف سی ایوارڈ میں بلوانے کے لیے کہتے رہے،نومبر میں اگر این ایف سی کے حوالے سے میٹنگ ہوئی تو ضرور جاؤں گا،۔بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے متعلق انہوں نے کہا کہ میں اپنے قائد سے 2 سال سے نہیں ملا، دیکھتا ہوں یہ مجھے ملنے سے کب تک روکتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب تمام قانونی طریقے استعمال کرنے کے باوجود ملاقات کی اجازت نہیں ملی تو اب اس پر ہم پارٹی کی میٹنگ بلا رہے ہیں کہ آگے کیا کرنا ہے اور اس حوالے سے جلد لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔