عمران خان سے کسی پارٹی رہنما کو ملاقات کی اجازت نہ ملی

راولپنڈی (خصوصی رپورٹ )بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جمعرات کو کسی پارٹی رہنما کو ملاقات کی اجازت نہ ملی۔ کے پی کے سے رکن صوبائی اسمبلی مشتاق غنی نے کہا کہ ہم کسی دہشتگرد کے ساتھ مفاہمت نہیں رکھتے ہمارا صرف ایک نکتہ ہے جس علاقے میں آپریشن کرنا ہے پہلے ہمارے ساتھ بات کر لیں ہم آپ کو بہتر مشورہ دے سکتے ہیں۔اڈیالہ جیل قریب داہگل ناکہ پر کے پی کے دیگر اراکین اسمبلی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں مشتاق غنی کا مزید کہنا تھا کہ یہ پولیس والے معصوم لوگ ہیں ہم نے انہیں کہا تھا ہم نہتے ہیں چھ کے چھ ایم پی اے ہیں ہمیں جانے دیں لیکن انہوں نے ہمیں نہیں چھوڑا،یہ ملک جنگل سے بدتر بنا دیا گیا، ہر سیاسی جماعت میں مختلف سوچ رکھنے والے ہوتے ہیں، ایک بات طے ہے کہ بانی نے جو نکات بتائے ہیں صرف ان پر بات ہوسکتی ہے اس کے علاوہ نہیں۔ تاہم اس کا اختیار بھی علامہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کو دیا ہے، ابھی کھاریاں کے قریب اچکزئی کی گاڑی توڑی گئی، ہماری ملاقات سے ہم نے کیا شہباز شریف کا تختہ الٹ دینا تھا، ہماری کسی کے ساتھ محبت ہے نہ مفاہمت ہے، دہشتگرد مساجد پر حملے کرتے ہیں جو بھی دہشتگرد ہیں ہم ان کو پاکستانی بھی نہیں سمجھتے ان کی حمایت کرنا تو دور کی بات ہے۔