شہزاد کو دو مقدمات میں ساڑھے 4سال قید ،10لاکھ روپے جرمانہ
مجرم مردہ مرغیوں کا گوشت بناکر شہر میں فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کرتا تھا
بہاولنگر (خصوصی رپورٹ) سینئر سول جج کریمینل ڈویڑن محمد ضیا خان کی عدالت نے مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے والے مجرم شہزاد فیصل کو دو مقدمات میں مجموعی طور پر چار سال چھ ماہ قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ تفصیلات کے مطابق مجرم شہزاد فیصل کے خلاف مقدمہ نمبر 472/25 اور 714/24 میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔ عدالت نے ملزم کو جرم ثابت ہونے پر سزا سناتے ہوئے کہا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ مجرم مردہ مرغیوں کا گوشت بناکر شہر کے مختلف فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کرتا تھا ،ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ ون شہزاد خان مگسی اور لا ٹیم کو کیس کی بھرپور پیروی پر سراہا، جبکہ عاصم جاوید نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو مزاحمت کے باوجود بہادری سے فرائض انجام دینے پر شاباش دی۔