چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستانی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ چین بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی (آئی او میڈ) کے منفرد فوائد کو فروغ دینے کے لیے پاکستان اور دیگر ہم خیال ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔
پاکستانی وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار ہانگ کانگ میں بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کے قیام کے کنونشن کی دستخطی تقریب میں شریک تھے، جہاں وانگ یی نے کہا کہ چین امن، استحکام، انصاف اور عدل کے فروغ کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم بنانے میں پاکستان اور دیگر ممالک کا ساتھ دے گا۔اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ چین کا یہ اقدام کثیرالاجتماعی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بیجنگ میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کی غیر رسمی ملاقات کی کامیابی کا بھی ذکر کیا۔
پاکستان نے چین کی ثالثی کی تجویز قبول کرلی ہے اور افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری اعتماد اور تعاون کو مضبوط کرے گی، اور چین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کے دوران پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔