اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں آئندہ کثیرالجہتی اجلاسوں اور پاکستان و ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں بالخصوص اسلام آباد میں ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس کی تیاریوں اور اس سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔اسحاق ڈار اور بختیار سعیدوف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی رابطہ کاری اور تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔دفتر خارجہ کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران آئندہ مشترکہ سفارتی مصروفیات اور علاقائی و بین الاقوامی سطح پر تعاون کے امکانات بھی زیر غور آئے۔