اسحاق ڈار کی چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار کی چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ای کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور کثیر الجہتی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے، خطے میں امن و استحکام اور مختلف بین الاقوامی و علاقائی فورمز پر باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم محمد اسحاق ڈار نے علاقائی امن، استحکام اور سفارتی کوششوں کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہنے پر چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای کا شکریہ ادا کیا۔چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای نے شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل برائے سربراہانِ مملکت کی آئندہ صدارت سنبھالنے اور 2027 میں ایس سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے پاکستان کو نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔