لاہور شاپنگ مال کے سامنے فائرنگ، ماڈل ٹاؤن کا رہائشی زخمی حالت میں گرفتار

لاہور شاپنگ مال کے سامنے فائرنگ، ماڈل ٹاؤن کا رہائشی زخمی حالت میں گرفتار

لاہور کے علاقے گلبرگ میں ایک شاپنگ مال کے سامنے اندھا دھند فائرنگ کرنے والے شخص کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

 فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس کی بروقت کارروائی نے مزید نقصان سے بچا لیا۔

واقعے کی تفصیل
ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والا شخص ایک اہم شخصیت کی بھتیجی کا شوہر بتایا جا رہا ہے۔ اس نے موقع واردات سے فرار کی کوشش کی تاہم پولیس نے فوری تعاقب کرتے ہوئے ماڈل ٹاؤن میں ملزم کو گھیر لیا۔ فرار کے دوران ملزم عدنان بٹ نے خود کو گولی مار کر زخمی کر لیا۔پولیس نے بتایا کہ عدنان بٹ ماڈل ٹاؤن کا رہائشی ہے، اور فائرنگ کے بعد جب پولیس نے اس کا پیچھا کیا تو وہ اپنے گھر میں جا گھسا اور وہاں سے دوبارہ فائرنگ کی۔ پولیس نے بالائی منزل پر پہنچ کر ملزم کو قابو کیا۔

والد کا مؤقف
ملزم کے والد عارف بٹ کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کا دماغی توازن درست نہیں، اور پولیس نے گھر میں گھس کر بیٹے پر فائرنگ کی۔ تاہم پولیس کا مؤقف ہے کہ ملزم نے خود کو گولی ماری اور گرفتاری کے وقت زخمی حالت میں تھا۔

قانونی کارروائی
پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں دہشت گردی، اقدام قتل، اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے پولیس پارٹی پر بھی فائرنگ کی، جس سے سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچا۔ملزم کے قبضے سے ایک پستول، گولیاں، پمپ ایکشن اور چھرا برآمد ہوا ہے۔ تحقیقاتی ٹیمیں ملزم کے پس منظر اور ذہنی حالت سمیت دیگر پہلوؤں پر تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پولیس کا مؤقف
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ فائرنگ کے محرکات اور اسلحے کی دستیابی کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔