کراچی: شاپنگ مال میں ڈکیتی، 6 مسلح ڈاکو ڈیڑھ کلو سونا اور 14کلو چاندی لوٹ کر فرار

 کراچی: شاپنگ مال میں ڈکیتی، 6 مسلح ڈاکو ڈیڑھ کلو سونا اور 14کلو چاندی لوٹ کر فرار

کراچی کے مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع آر بی ایس شاپنگ مال میں دن دہاڑے ایک بڑا ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں 6 مسلح ملزمان نے تین جیولری شاپس کو نشانہ بنایا۔

 واردات تقریباً دوپہر 2 بجے کے قریب ہوئی، اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں مسلح ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس کے مطابق، ملزمان نے دکانداروں سے تقریباً 1500 گرام (ڈیڑھ کلو) سونا اور 14 کلو چاندی لوٹ لی ہے۔ واردات کے دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ دکانداروں کے مطابق، ملزمان فرار کے دوران ایک دکاندار کی پستول بھی ساتھ لے گئے ہیں۔ پولیس نے فوری طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد اکٹھے کیے ہیں تاکہ ملزمان کی شناخت کی جا سکے اور ان کا سراغ لگایا جا سکے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے، اور علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ اس واردات نے شاپنگ مال کے تاجروں اور دکانداروں میں شدید خوف و ہراس پھیلایا ہے، اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے حوالے کیا جائے۔