گلستان جوہر کے شاپنگ مال میں ہولناک آتشزدگی، قرآنِ مجید محفوظ رہا

 گلستان جوہر کے شاپنگ مال میں ہولناک آتشزدگی، قرآنِ مجید محفوظ رہا

کراچی: گلستان جوہر میں واقع ایک نجی شاپنگ مال میں رات گئے اچانک لگنے والی خوفناک آگ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، تاہم واقعے کا روحانی پہلو اس وقت سامنے آیا جب ریسکیو عملے کو قرآنِ مجید صحیح حالت میں ملے۔

  آگ سے سامان تباہ، مگر قرآن محفوظ رہا
ریسکیو 1122 کے عملے کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ مال کے کئی حصے مکمل طور پر جل گئے، دکانوں کا قیمتی سامان راکھ میں تبدیل ہو گیا۔لیکن جیسے ہی کولنگ کا عمل شروع کیا گیا، ریسکیو اہلکاروں کو متاثرہ حصے سے قرآنِ پاک کی جلدیں محفوظ حالت میں ملیں، جنہیں دیکھ کر عملہ اور عینی شاہدین حیرت اور عقیدت میں ڈوب گئے۔

  مسجد کو نقصان، مگر قرآن کے 60 نسخے سلامت
شاپنگ مال کے اندر واقع ایک مسجد بھی آتشزدگی سے متاثر ہوئی، مگر معجزاتی طور پر وہاں رکھے گئے تقریباً 60 قرآن مجید کے نسخے محفوظ رہے۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق مسجد کی چھت اور دیواریں جزوی طور پر متاثر ہوئیں لیکن قرآن مجید پر کوئی آنچ نہیں آئی۔

  آگ لگنے کی وجہ تاحال نامعلوم
آگ پر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پایا گیا، جبکہ فائر بریگیڈ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود رہیں۔تاہم آگ لگنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  سوشل میڈیا پر وائرل مناظر
واقعے کے بعد قرآنِ مجید کے محفوظ نسخوں کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جس پر صارفین نے جذباتی ردعمل دیتے ہوئے اسے "اللہ کی نشانی" قرار دیا۔