7ڈاکو مویشی چھین کر جارہے تھے،پولیس نے روکاتوفائرنگ کردی
حافظ آباد(خصوصی رپورٹ )حافظ آباد کے علاقہ حکیم پورہ کے قریب سی سی ڈی پولیس اور ڈاکو ئوں میں مبینہ مقابلہ کے دوران دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ پانچ فرار ہو گئے ،پولیس تھانہ ونیکے تارڑ کے مطابق 7مسلح ڈاکو پنڈی بورے سے لاکھوں روپے کے مویشی چھین کر لے جا رہے تھے کہ حکیم پورہ کے قریب گشت پر موجود پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے کھیتوں میں چھپ کر پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی، اس دوران دو ڈاکو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے، ہلاک ہونے والے ڈاکو ئوں میں ندیم سکنہ ننکانہ اور گلزار سکنہ حویلی لکھا اوکاڑہ شامل ہیں ،پولیس کے مطابق دونوں ڈاکو ڈکیتی ،راہزنی سمیت سنگین مقدمات میں اشتہاری چلے آ رہے تھے ،پولیس نے ہلاک ڈاکو ئوں کے قبضے سے اسلحہ بر آمد کر کے ان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ فرار ہونے والے ڈاکو ئوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور تھانہ ونیکے تارڑ میں اس ضمن میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔