پولیس مقابلہ: 2ڈاکو ہلاک،کانسٹیبل شدید زخمی

بدنام زمانہ ڈاکو اظہر عباس اورساتھی نے سی سی ڈی اہلکاروں کودیکھتے فائرنگ کردی ،جوابی کارروائی میں مارے گئے  
لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی ڈی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو بدنام زمانہ ڈاکو ہلاک ،ڈاکوؤں کی شدید فائرنگ کی زد میں آکر گولیاں لگنے سے ایک پولیس کانسٹیبل بھی شدید زخمی ہوگیا۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق سی سی ڈی نے گوجرہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر ناکہ بندی کی ۔ سی سی ڈی اہلکاروں کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے شدید فائرنگ شروع کر دی ،ڈاکوؤں کی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہونے والے کانسٹیبل کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایک ڈاکو کی شناخت اظہر عباس کے نام سے ہوئی ہے،دوسرے ڈاکو کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔