سی سی ڈی سے مبینہ مقابلہ، 2ڈاکو ہلاک

منوں آبادکے نواح میں لوٹ مار کرتے ملزموں کیساتھ فائرنگ تبادلہ ہوا، اظہر اور فیصل کو ساتھیوں کی گولی لگی 
کالا شاہ کاکو(خصوصی رپورٹ)شیخوپورہ کے علاقہ مریدکے میں سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلے میں 2ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ خطرناک اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کیلئے سی سی ڈی ٹیم مریدکے کی گاڑی منوں آباد کے نواح میں جا رہی تھی کہ راستے میں ڈاکو ناکہ لگا کر راہگیروں کو لوٹنے میں مصروف تھے۔ پولیس پارٹی کو دیکھ کر ملزموں نے مبینہ طور پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ تبادلے میں اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آکر دو ڈاکو شدید زخمی ہوئے جو بعد ازاں دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق مارے جانے والے ڈاکوئوں کی شناخت مانگا منڈی کا رہائشی اظہر بشیر ولد بشیر جبکہ دوسرے کی چونیاں کے رہائشی35سالہ فیصل ولد نذر محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے لاشیں ہسپتال منتقل کر کے انکے لواحقین کی تلاش شروع کر دی۔