پو لیس نے گھیرائو کر لیا ، فائرنگ رکنے پر 2 ڈاکوئوں کی لاشیں ملیں ،ایک فرار
سیالکوٹ(خصوصی رپورٹ )مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران2ڈاکو ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ تھانہ صدر ڈسکہ کے پل نہر ملوکے پر تین ڈاکو جھنڈوکے کے قریب واردات کر رہے تھے، اطلاع پر صدر ڈسکہ کے ایس ایچ او جہانزیب خان نفری کے ہمراہ موقع کی جانب گئے تو ملزم پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کرتے فرار ہوئے جس پر ایس ایچ او سٹی ڈسکہ عمران سلطان،ایس ایچ او ستراہ عادل باجوہ،ایس ایچ او موترہ نعمان بٹر بھی نفری لے کر موقع کی جانب روانہ ہوگئے ،ملزموں کی جانب سے پولیس پارٹی پر فائرنگ کا دورانیہ بڑھتا گیا تو ڈی ایس پی ڈسکہ و پسرور بھی موقع پر پہنچ گئے، ملزم اندھیرے میں چھپ کر تین اطراف سے پولیس پر فائرنگ کرتے رہے، فائرنگ رکنے پر سرچ آ پریشن کے دوران دو ڈاکوئوں کی لاشیں ملیں جن کی شناخت پولیس ذرائع کے مطابق ندیم اور نواز کے نام سے ہوئی جبکہ تیسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا جس کی تلاش کیلئے کارر وائی شروع کر دی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم ڈکیتی سمیت 24سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔