اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد ہائی کورٹ نے گریڈ 21سے 22میں ترقیوں پر وفاق کو ریکارڈ جمع کرانے کی آخری مہلت دیدی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں گریڈ 21سے 22میں جانے والے افسران کی ترقیوں کی قانونی حیثیت سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس انعام امین منہاس نے مقدمات کی سماعت کی جس میں سابق سیکرٹری اطلاعات سہیل علی خان اور دیگر افسران کی جانب سے دائر درخواستیں شامل تھیں۔درخواست گزاروں کی نمائندگی بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی، شعیب شاہین، فیصل نقوی و دیگر وکلاء نے کی۔ سماعت کے دوران وفاقی حکومت نے ترقیوں سے متعلق ریکارڈ جمع کرانے کے لیے مزید وقت کی استدعا کی، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دئیے کہ اہم مقدمات میں سرکاری وکلاء پیش کیوں نہیں ہوتے؟۔عدالت نے وفاق کو افسران کی ترقیوں کا مکمل ریکارڈ جمع کرانے کی آخری مہلت دے دی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 جون تک ملتوی کردی۔