لاہور(آئی این پی )سپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کیخلاف مشکوک بینک ٹرانزیکشنز ،منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں ایف آئی اے کو مکمل چالان جمع کرانے کیلئے آخری موقع دے دیا۔ پرویز الہٰی سمیت دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی،عدالتی حکم کے باوجود ایف آئی اے مقدمہ کا چالان پیش نہ کر سکی،وکیل درخواستگزارنے کہاکہ ایف آئی اے نے 3بار مہلت مانگی لیکن پرویز الہٰی کیخلاف الزامات ثابت نہیں کر سکے،ایف آئی اے کے پاس ثبوت نہیں ، انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔وکیل ایف آئی اے نے استدعا کی کہ چالان جمع کرانے کیلئے مزید مہلت دی جائے،عدالت نے کہاکہ آپ بار بار مہلت مانگتے ہیں ،الزامات لگائے ہیں تو چالان جمع کرائیں، عدالت نے پرویز الہٰی کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی اور ایف آئی اے کو مکمل چالان جمع کرانے کیلئے 18اگست تک آخری موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔