وفاقی حکومت کا وفد4بار افغانستان گیا، مثبت نتائج سامنے نہیں آئے: بیرسٹر سیف

بلاول بھٹو نے دنیا کے دورے کئے ، کابل کا دورہ نہیں کیا، حکومت افغانستان کواہمیت نہیں دے رہی
پشاور (آئی این پی )مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا وفد اب تک 4بار افغانستان جا چکا ہے لیکن اب تک کوئی مثبت نتائج سامنے نہیں آئے۔ پشاور پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے لئے وفاق کے ساتھ کئی بار رابطے کئے گئے۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش تھی کہ افغانستان حکومت کے ساتھ مذاکرات کریں لیکن سیاسی اختلاف کے باعث وفاقی حکومت نے مذاکرات کے لیے اب تک نہ اجازت دی اور نہ ہی انکار کیا ہے۔مشیراطلاعات نے بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے دنیا بھر کے دورے کئے لیکن آدھے گھنٹے کے فاصلے پر واقع ملک افغانستان کا کوئی دورہ نہیں کیا۔ حکومت منگولیا اور دیگر ممالک کو تو اہمیت دے رہی ہے لیکن افغانستان کو نہیں۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ جنگی صورتحال ہے، دہشتگردی عروج پر ہے ایسے میں کچھ واقعات غلطی سے پیش آ جاتے ہیں تاہم دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ مذاکرات اور بانی کی رہائی کے لیے مختلف طریقہ کار کو اپنایا جارہا ہے پارٹی لیڈرشپ کے کئی اراکین پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جبکہ عدالتوں سے بانی کی رہائی کے لئے دائر درخواستوں کو سننے کی استدعا کی ہے۔