وفاقی حکومت قومی سانحے میں خیبر پختونخوا حکومت کی مدد کرے:بیرسٹر محمد علی سیف

  صوبائی حکومت کے پاس جتنے وسائل ہیں وہ متاثرین کے لئے استعمال میں لا رہی ہے
  قدرتی آفت پر نہ کسی نے سیاست کی اور نہ ہم کوئی سیاسی بات کریں گے: مشیر اطلاعات
پشاور(آئی این پی ) خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت  قومی سانحے میں  آگے آکر خیبر پختونخوا حکومت کی مدد کرے، صوبائی حکومت کے پاس جتنے وسائل ہیں وہ متاثرین کے لئے استعمال میں لا رہی ہے۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاک فوج ہمارے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے ۔پہاڑی مقامات پر راستے بنانے ، سڑکیں کھولنے اور پل بنانے میں اس کے جوان مصروف ہیں ،آرمی نے صوبائی حکومت کو پانچ ہیلی کاپٹر بھی دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب نے بھی تعاون کا یقین دلایا ہے۔ قدرتی آفت پر نہ کسی نے سیاست کی اور نہ ہم کوئی سیاسی بات کریں گے، پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سانحے میں خیبر پختونخوا کے عوام کی مدد کریں۔