پاک افغان خرلاچی بارڈر اور ٹل پاراچنار واحد شاہراہ 182 روز سے بند، معاملات زندگی شدید متاثر
پاراچنار(آئی این پی)پاراچنار میں کرم پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا 29 ویں روز میں داخل ہوگیا، مطالبات اور قومی حقوق کے لیے دھرنے میں کثیر تعداد میں شہری شریک ہیں جبکہ پاک افغان خرلاچی بارڈر اور ٹل پاراچنار واحد شاہراہ گزشتہ 182 روز سے ہر قسم آمد و رفت کے لیے بند ہے، بارڈر اور مین سڑک کی بندش کی وجہ سے معاملات زندگی شدید متاثر ہیں۔پاراچنار میں پریس کلب کے سامنے 29 روز سے جاری احتجاجی دھرنے میں شریک دھرنا منتظمین نے دھمکی دی ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے باوجود دن رات شہری سڑکوں پر دھرنا دے رہے ہیں، رمضان المبارک کے بعد دھرنے کو نئی شکل دی جائے گی۔مظاہرین کا مزید کہنا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو پلان بی کا استعمال کریں گے۔دھرنا منتظمین کا کہنا ہے کہ ٹل پاراچنار مین شاہراہ کو عام آمد و رفت کے لیے کھول دیا جائے، قافلے کو لوٹنے والے اور خوارج کے خلاف کارروائی کی جائے، گرفتار شدہ افراد کو جلد از جلد بازیاب کیا جائے، جب تک یہ مطالبات نہیں مانے جاتے دھرنا جاری رہے گا۔