پریس کلب تک مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان نے کی‘وفد مطالبات پر مذاکرات کے لئے اسلام آباد جائیگا
مطالبات منظور ہونے تک دھرنا جاری رہے گا:مولانا ہدایت الرحمان‘ مطالبات بلوچستان کے عوام کے حقوق کی ترجمانی کرتے ہیں:ضیا ء الدین انصاری
لاہور( خصوصی رپورٹر)جماعت اسلامی کی جانب سے بلوچستان کے عوام کے آئینی، معاشی اور انسانی حقوق کے لیے جاری "حق دو بلوچستان" لانگ مارچ امنصورہ سے لاہور پریس کلب تک پہنچا، جہاں یہ دھرنے میں تبدیل ہو گیا۔ مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان نے کی، جب کہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ اور جماعت کی ضلعی قیادت نے شاندار استقبال کیا۔استقبالیہ جلسے اور دھرنے سے مولانا ہدایت الرحمان، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، اظہر بلال، انجینئر اخلاق احمد، وقاص احمد بٹ، چوہدری محمد شوکت، عبدالعزیز عابد سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔مولانا ہدایت الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا ہم اسلام آباد جانا چاہتے تھے تاکہ بلوچستان کی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور عوام کے حقوق کی آواز اعلیٰ ایوانوں تک پہنچا سکیں، لیکن پنجاب حکومت اور ظالم نظام ہمارے راستے میں رکاوٹ بنے۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب اور بلوچستان کے حکمران سن لیںجب تک ہمارے 8 نکاتی مطالبات منظور نہیں ہوتے، احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی رکاوٹیں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ ہم یہاں سے واپس نہیں جائیں گے جب تک بلوچستان کے عوام کو ان کا حق نہیں ملتا۔دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا بلوچستان کے لیے پیش کیے گئے 8 نکاتی مطالبات وہاں کے عوام کے جائز حقوق کی ترجمانی کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی لاہور ان مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔قبل ازیں پنجاب حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد ’حق دو بلوچستان مارچ‘ کا پلان تبدیل کردیا گیا۔ جس کے مطابق لانگ مارچ کے شرکا منصورہ سے لاہور پریس کلب گئے‘ جہاں سے جماعت اسلامی کے رہنماؤں پر مشتمل وفد مطالبات پر مذاکرات کے لیے اسلام آباد روانہ ہو گا۔