دکانیں اور کاروباری مراکز احتجاجاً بند ہونے سے عوام کو روزمرہ ضروریات کی اشیا ء کی شدید قلت کا سامنا
پاراچنار(آئی این پی )ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار میں راستوں کی طویل بندش کے خلاف شٹر ڈائون ہڑتال جاری ہے۔ شہر کی تمام دکانیں اور کاروباری مراکز احتجاجاً بند ہیں، جس کے باعث عوام کو روزمرہ ضروریات کی اشیاء کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ٹریڈ یونین کے صدر حاجی امداد حسین کے مطابق27رمضان المبارک کے بعد اب تک ایک بھی گاڑی پاراچنار نہیں پہنچی، جس کی وجہ سے بازار میں تمام اشیائے ضروریہ ختم ہو چکی ہیں۔ ٹریڈ یونین نے خبردار کیا ہے کہ اگر سڑکیں فوری طور پر نہ کھولی گئیں اور ترسیل کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو اگلا لائحہ عمل مزید سخت ہوگا۔ادھر پاراچنار پریس کلب کے سامنے دھرنا بھی 45ویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔ دھرنا شرکاء نے واضح کیا ہے کہ ان کے مطالبات کی منظوری تک دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔