دنیا کے بیشتر ممالک میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبہ سے منائی گئی

مسجدالحرام، مسجد نبویؐ اور مسجد اقصیٰ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات،عمان ،انڈونیشیا میں آج عید منائی جائیگی 
مکہ مکرمہ/دبئی/غزہ/دوحہ (آئی این پی) سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، فلسطین، قطر اور دیگر ممالک میں اتوار کے روز عیدالفطر منائی گئی۔مسجدالحرام، مسجد نبویؐ اور مسجد اقصی میں نماز عید کے بڑے اور روح پرور اجتماعات ہوئے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔مسجد الحرام میں امام کعبہ الشیخ عبدالرحمان السدیس نے نماز عید کا خطبہ اور امامت کروائی جبکہ مسجد نبویؐ میں امام شیخ عبداللہ نے عیدالفطر کی نماز پڑھائی۔ ادھر دبئی، قطر، بحرین، کویت، ترکیہ، یمن اور روس میں بھی عید منائی گئی۔دبئی کے علاقے القصص میں 15 ہزار افراد نے عیدالفطر کی نماز ادا کی جس میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی، ابوظہبی، شارجہ اور دیگر ریاستوں میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے۔دبئی میں توپ کے 2 گولے داغ کر نماز عید کا اعلان کیا گیا۔اس کے علاوہ امریکا، برطانیہ اور کینیڈا میں مسلم کمیونٹی تقسیم ہے، بعض نے اتوار کو عید منائی جبکہ بعض (آج)پیر کو عید منائیں گے۔ دنیا کے دوسرے ممالک فرانس‘ امریکا ‘ کینیڈا میں بھی عیدالفطر مذہبی عقیدت اور جوش و جذبہ سے منائی گئی۔ جبکہ عمان، انڈونیشیا اور برونائی میں عیدالفطر(آج) پیر کو منائی جائے گی۔