ملک بھر میں عید الاضحی آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائیگی

عید کی نماز کے اجتماعات میں ملک و قوم کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد ، فلسطینیوں ،کشمیریوں کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی
نماز کے بعد حضرت ابراہیم  کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے  قربانی کی جائے گی‘افغان مہاجرین اوربوہری برادری نے عید الاضحی منا لی

اسلام آباد (آئی این پی‘یو این پی)ملک بھر میں عید الاضحی آج  مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی، فرزندان اسلام نماز عید کی ادائیگی کے بعد  حضرت ابراہیم علیہ سلام کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے  قربانی کا فریضہ ادا کریںگے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عیدالاضحی کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا جس میں وفاقی وزراء،اراکین پارلیمنٹ اور سفارتکاروں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نماز عید کی ادائیگی کے لیے شرکت کرے گی۔عیدالاضحی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں جن کے تحت شہر بھرکی مساجد کے باہر سیکورٹی اہلکار تعینات  ہونگے۔لاہور میں عیدالاضحی کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوگا۔ نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی وخوشحالی، استحکام اور کشمیر وفلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں ہوں گی۔دوسری جانب خیبر پختونخوا ہ میں کئی مقامات پر افغان مہاجرین نے جمعہ کے روز عیدالاضحی منائی جبکہ بوہری برادری نے بھی عید الاضحی منالی۔ کراچی میں بوہرہ برادری نے نماز عید ادا کی اور اس کے بعد جانوروں کی قربانی کی۔پشاور سمیت خیبر پختونخوا ہ کے کئی مقامات پر افغان مہاجرین نے نماز عید ادا کی ہے، حیات آباد، بورڈ بازار، کارخانو مارکیٹ، شمشتو کیمپ، ناصر باغ میں نماز عید الاضحی ادا کی گئی۔