اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )ملک بھر میں عید میلاد النبی ؐمکمل مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت واحترام کیساتھ منائی گئی۔ 12 ربیع الاول کی صبح کا آغاز ملک بھرکی مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعائوں سے کیا گیا ، دین کی سربلندی ،امت مسلمہ کی خوشحالی اور ملک وقوم کی ترقی وسلامتی اور فلسطین کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ملک بھر میں ذکر رسول ؐ،درودوسلام کی صدائیں بلند ہوتی رہیں، سرکاری وغیر سرکاری عمارات ،مساجد، گھروں اور بازاروں کودلہن کی طرح سجا یا گیا ،ہر سو رنگ ونورکی برسات کاسماں تھا۔ نعتیہ اشعار پر مبنی بینرز، مسجد نبوی شریفؐ اورخانہ کعبہ کی خوبصورت تصاویر، آرائشی محرابوں ، رنگ برنگی جھنڈیوں ،اورسبزجھنڈوں سے درودیوارکو دیدہ زیب انداز میں سجایا گیا۔میلاد شریف کے جلو س نکالے گئے۔