محفل میلاد کا انعقاد،جلوس و ریلیاں نکالی گئیں،ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں
اسلام آباد،لاہور (آئی این پی )ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی کا یوم ولادت مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ملک بھر کی فضائوں میں درود و سلام کی صدائیں، مساجد، عمارتیں، گلیاں، محلے، چوک، چوراہے خوبصورتی سے سجائے گئے اور آقائے دو جہاں سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا گیا۔عید میلادالنبی پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد لاہور اور پشاور میں 21-21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔کراچی میں گلی گلی، قریہ قریہ برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ، جگہ جگہ اسٹالز پر کہیں موئے مبارک کا دیدار کیا گیا تو کہیں مسجد نبوی ور خانہ کعبہ کے ماڈلز رکھے گئے، شہر کے مختلف علاقوں میں عاشقان رسول کی جانب سے محفل میلاد کا انعقاد اور جلوس و ریلیاں نکالی گئیں۔لاہور میں بھی عید میلاد النبی کے سلسلے میں مساجد، گھروں، سڑکوں، سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا، عید میلادالنبی کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں