بالاکوٹ میں بارشوں کی شدت، سیف الملوک روڈ پر ٹریفک معطل

بالاکوٹ میں بارشوں کی شدت، سیف الملوک روڈ پر ٹریفک معطل

بالاکوٹ: شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے تاحکمِ ثانی بند کر دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹس کے بعد سیاحوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ بالاکوٹ، وادی کاغان، ناران، جھیل سیف الملوک اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ موسلا دھار بارش اور اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جھیل سیف الملوک روڈ پر سفر کرنے والے سیاحوں کو ممکنہ خطرات سے بچانے کے لیے راستہ بند کیا گیا ہے۔ سڑک کی بحالی اور دوبارہ کھولنے کا فیصلہ موسم کی صورتحال بہتر ہونے اور متعلقہ اداروں کی کلیئرنس کے بعد کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ رات بھی شدید بارش کے باعث جھیل سیف الملوک روڈ پر نالے میں طغیانی آ گئی تھی، جس کے نتیجے میں سڑک عارضی طور پر بند ہوگئی تھی۔بعد ازاں کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی مشینری نے کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ مقام کو بحال کیا اور وہاں پھنسے ہوئے متعدد سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور قدرتی آفات سے متعلق جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔