مانسہرہ: میدانی علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں اور سیاحتی مقامات پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ناران، جھیل سیف الملوک، بٹہ کنڈی، بیسر جھیل اور بابوسر ٹاپ سمیت مختلف علاقوں میں برف کی سفید چادر بچھ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ناران بازار میں اب تک 4 انچ سے زائد برف پڑ چکی ہے، جبکہ بٹہ کنڈی، سہوچ اور ملحقہ علاقوں میں ایک فٹ سے زائد برف جمع ہو چکی ہے۔ بیسر اور بابوسر ٹاپ پر برفباری کے باعث برف کی تہہ دو فٹ تک ریکارڈ کی گئی ہے۔شدید برفباری کے باعث جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک کو جیپوں کی آمدورفت کے لیے بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ بابوسر ٹاپ روڈ پر سہوچ سے آگے ہر قسم کی ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔