ضلعی انتظامیہ نے موسم میں بہتری کے بعد جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک کو دوبارہ سیاحوں کے لیے کھول دیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق، اب سیاح روزانہ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جھیل سیف الملوک روڈ پر سفر کر سکیں گے۔ ایک ہفتہ قبل خراب موسمی صورتحال اور سیاحوں کی حفاظت کے پیش نظر اس سڑک کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جھیل روڈ کو صرف سیاحوں کے محفوظ سفر کے لیے بند کیا گیا تھا، اور اگر موسم دوبارہ خراب ہوتا ہے تو اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ حالات کا جائزہ لے کر اس سڑک کو دوبارہ بند کرنے کے اختیارات رکھتے ہیں۔
انتظامیہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی سفری ایڈوائزری اور موسمی پیشگوئی کی روشنی میں کسی بھی وقت جھیل سیف الملوک روڈ کو دوبارہ بند کیا جا سکتا ہے۔سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل موسم اور سرکاری سفری ہدایات ضرور چیک کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔