بھارتی اداکارہ اور گلوکارہ شہناز گل نے پاکستانی ڈراموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ محبت اور جذبات کی عکاسی کے حوالے سے ان کا کوئی مقابلہ نہیں۔
ایک گفتگو کے دوران شہناز گل نے اپنے پسندیدہ پاکستانی فنکاروں میں ہانیہ عامر، بلال عباس خان اور فہد مصطفیٰ کے نام لیے اور پاکستانی ڈراموں کی کہانی، جذبات اور فنکاروں کے درمیان کیمسٹری کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں محبت کی کہانیاں انتہائی فطری محسوس ہوتی ہیں، کیونکہ ان میں جسمانی قربت کے بجائے جذبات اور احساسات کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔شہناز گل کے مطابق پاکستانی ڈراموں میں کردار بغیر جسمانی قربت کے بھی محبت اور اپنائیت کا مؤثر اظہار کرتے ہیں، جو ناظرین کے لیے ایک منفرد کشش رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جذبات پر مبنی اندازِ بیان اور سلو برن اسٹوری ٹیلنگ پاکستانی ڈراموں کو دیگر ڈراموں سے ممتاز بناتی ہے، اسی لیے ان کا واقعی کوئی مقابلہ نہیں۔شہناز گل بھارت میں ریئلٹی شو "بگ باس 13" کے ذریعے شہرت حاصل کرنے کے بعد فلموں، موسیقی اور ٹی وی میزبانی کے شعبوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔