وزیراعلیٰ پنجاب نے 5 روز میں صاف پانی کی فراہمی کا فول پروف پلان طلب کر لیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے 5 روز میں صاف پانی کی فراہمی کا فول پروف پلان طلب کر لیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے 5 روز کے اندر فول پروف پلان طلب کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اتھارٹی کو جدید خطوط پر ری اسٹرکچر اور اپ گریڈ کیا جائے گا، جبکہ اسے تکنیکی اور انتظامی لحاظ سے مکمل بااختیار بنایا جائے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ صاف پانی اتھارٹی کو جدید ٹیکنالوجی، ہیومن ریسورس اور ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی، جبکہ تمام فلٹریشن پلانٹس اور آر او پلانٹس کی مؤثر مانیٹرنگ کی جائے گی۔ مختلف علاقوں کی ضرورت کے مطابق نئے آر او پلانٹس اور جدید فلٹریشن ٹیکنالوجی بھی نصب کی جائے گی۔اجلاس میں پنجاب بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی کنسلٹنسی کی خدمات حاصل کرنے اور جدید جاپانی و چینی ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ دور دراز علاقوں میں موبائل بوٹلنگ پلانٹس کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی جاری ہے، جہاں روزانہ 2,400 سے زائد خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے صوبے کے تمام 5,734 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت اور دیکھ بھال یقینی بنانے، ضرورت کے مطابق مزید پلانٹس نصب کرنے اور صاف پانی اتھارٹی کا دائرہ کار تمام اضلاع اور تحصیلوں تک توسیع دینے کی ہدایت کی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ "ستھرا پنجاب" کی طرز پر پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو فعال اور مؤثر بنایا جائے گا، جبکہ صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔