پنجاب پولیس جمعۃ الوداع پر ہائی الرٹ، عبادت گاہوں کی فول پروف سکیورٹی

پنجاب پولیس جمعۃ الوداع پر ہائی الرٹ، عبادت گاہوں کی فول پروف سکیورٹی

جمعۃ الوداع کے موقع پر پنجاب پولیس نے صوبے بھر کی مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ جمعۃ الوداع کی عبادات کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور دہشت گرد، شرپسند عناصر اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے مساجد، غیر ملکی سفارت خانوں، حساس مقامات اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے۔ صوبہ بھر میں 32 ہزار 500 سے زائد عبادت گاہوں کی حفاظت کے لیے 83 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈولفن اسکواڈ، پیرو اور ایلیٹ فورسز مذہبی و حساس مقامات اور مارکیٹوں کے اطراف پٹرولنگ میں اضافہ کریں، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مؤثر نگرانی بھی یقینی بنائی جائے۔ مزید برآں، داخلی و خارجی راستوں اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر اہلکار چوکس رہیں، اور سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رہیں۔علما کرام اور مشائخ عظام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ممبر و محراب سے بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کا پیغام عام کریں، جبکہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مساجد کے منتظمین اور امن کمیٹیوں سے مسلسل رابطے میں رہیں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تعاون سے رمضان المبارک کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھی گئی ہے، اور جمعۃ الوداع پر بھی یہی انتظامات جاری رہیں گے۔دوسری جانب لاہور میں پولیس اور ڈولفن اسکواڈ نے جمعۃ الوداع کے موقع پر مکمل سکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔ ایس پی ڈولفن کے مطابق نماز جمعۃ الوداع کے دوران فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے نگرانی بھی جاری رہے گی۔ڈولفن اسکواڈ اور پولیس اہلکار نماز جمعہ کے اوقات میں مسلسل پٹرولنگ کریں گے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید کے مطابق شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی خصوصی سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔ترجمان ڈولفن نے بتایا کہ ٹیموں اور سیکٹر انچارجز کو جمعۃ الوداع کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور جرائم کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔