نورپور تھل میں سب سے زیادہ 52، فیصل آبادمیں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ
سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل بھی جاری
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب میں لاہور سمیت بیشتر اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کئی مقامات پر بارش،موسم قدرے خوشگوار ہو گیا،دوسری طرف ضلع شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے اور گرد و نواح کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز کہیں ہلکی بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش نورپور تھل میں 52 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گوجرانولہ 21، ٹوبہ ٹیک سنگھ 15، مری 7، راولپنڈی 5، فیصل آباد اور حافظ آباد میں 4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں صبح سے شدید گرمی اور حبس کے بعدگزشتہ روز بارش شروع ہوئی توموسم خوشگوار ہوگیا، یہاں اوسطاً 16.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس دوران تاجپورہ میں 28، جوہر ٹائون 24،پانی والا تالاب 20، لکشمی چوک 16 اور مناواں میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہے گا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب محمدسیف انور جپہ نے بتایا کہ صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے تمام مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو کلیئر رکھنے اور تمام فیلڈ ٹیموں کو متحرک رہنے کی ہدایت کر دی ۔ ادھر ضلع شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے اور گرد و نواح میں زرعی زمینوں اور کھڑی فصلوں کے زیرِ آب آنے سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے ، طبی ماہرین نے آلودہ پانی سے گیسٹرو، جلدی امراض اور مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مریدکے، شیخوپورہ،حکیم پورہ،فیروز والا، پٹھان کالونی اور دیگر علاقوں کے متاثرین کو محفوظ مقامات اور امدادی کیمپوں میں بروقت منتقل کیا جارہا ہے ،متاثرین سیلاب کیلئے ادویات،خوراک اور دیگر ضروریات کی دستیابی بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پرچیئرمین سی ایم آئی ٹی شعیب مرزا سیلاب متاثرین کو کھانے کی فراہمی کا جائزہ لینے پہنچ گئے۔ مریدکے انتظامیہ نے متاثرین کو پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کیمپ قائم کر دئیے،وزیراعلی کی ہدایت پر لاہور ایڈمنسٹریشن کی طرف سے ڈسٹرکٹ شیخوپورہ کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی فوڈ پیکیج دیا گیا ہے، متاثرین کے مویشیوں کیلئے چارہ بھی بھیجاگیا جبکہ متاثرین کیلئے خصوصی طور پر پورٹیبل واش روم بھی مہیا کئے گئے ہیں۔